کاروار:18؍جون(ایس اؤ نیوز)اترکنڑا ضلع میں پچھلے تین چار دنوں سے برستی بارش میں جمعرات اور جمعہ کو تھوڑی کمی دیکھی گئی ۔ ضلع کے مختلف تعلقہ جات میں صبح سےہی طوفانی ہوائیں چلتی رہیں، اس کے ساتھ ساتھ تھوڑی تھوڑی دیر تیز رفتار بارش بھی ہوتی رہی۔
بحرہ عرب میں اونچی اونچی لہروں کا اٹھنا جاری ہے، ساحل پر پانی بار بار مارنے سے مختلف جگہوں پر ساحلی کٹاؤ کا خطرہ بڑ گیا ہے۔ شہر کے رویندرناتھ ٹیگور ساحل پر لہروں کی مار سے بے شمار کچرا جمع ہوگیا ہے۔ 19جون کو تیزرفتار بارش کے امکانات ہیں۔ اس کے بعد والے تین دن عام بارش ہونےکی محکمہ موسمیات نے جانکاری دی ہے۔
گھروں کو نقصان:سداپور تعلقہ کے مرلیگے مضاف میں ششی کلا منجوناتھ مڈیوال نامی عورت کے گھر کی چھت پر درخت گرنے سے قریب 10ہزارروپیوں کانقصان ہواہے۔ کوڑی گدے کے گایتری چندرونائک کے گھر پر بھی درخت گرنے سے 50ہزار روپیوں کا نقصان ہواہے۔ بیڈکنے کوٹے میں آنجنیا مندر کی کمپاؤنڈ دیوار منہدم ہوگئی ہے۔ گودلے منے کے گجانن ہسلر کے گھر کی دیوار گرنے سے 30ہزارروپیوں کا نقصان ہونے کی جانکاری محکمہ روینیو کے ذرائع نے خبر دی ہے۔
ہوناور تعلقہ کے گونڈبالا اور بڈگنی ندیوں میں طغیانی آنے سے کنارےکے مکینوں میں خوف گھر کرگیا ہے۔ بارش اور طوفانی ہوا کے چلتے نیچے والی اڈگنجی کے لوکیش بِلیا نائک، گنپتی نارائن شٹی ، منجوناتھ نارائن شٹی ، ناگراج شٹی اور اوپروالی اڈگنجی کے مادیو نائک، مالکوڑ کے مادیو شانبھاگ اور لکشمن نائک کے گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ افسران نے بتایا کہ کل 4لاکھ روپیوں کا نقصان ہواہے۔

راحت مرکز کی شروعات : گنڈوبالا ندی میں طغیانی کو دیکھتے ہوئے ندی کے نشیبی علاقے زیر آب ہوگئےہیں۔ جمعرات کی شام بارش میں کمی ہونے سے ندی کی طغیانی میں کمی دیکھی گئی ہے۔ پیشگی اقدام کے طورپر گونڈی بالا میں ایک راحت مرکز کی شروعات کی گئی ہے۔ جہاں پانچ معمر شہری پناہ لینےکی تحصیلدار وویک شنئی نے جانکاری دی ۔
تعلقہ کے کندرگی گرام پنچایت حدود کے بھرتن ہلی سے اچگیری جانے والی سڑک پر جمعرات کی شام ایک سواری پر درخت گرنے سے سواری کو کافی نقصان پہنچا ہے البتہ کسی کو کوئی تکلیف نہیں ہوئی ہے۔ شہر کے ادیم نگر علاقے میں دستگیر گوری صاحب کپٹ گیری کے گھر پر ناریل کا درخت گرنے سے قریب 10ہزارروپیوں کاخسارہ ہواہے۔ بقیہ ندی نالوں کے بہاؤ میں شدت آگئی ہے۔ کئی جگہوں پر پانی گھروں میں گھس گیا ہے۔ درخت اور بجلی کے کھمبے زمین بوس ہوئے ہیں۔